ایئر انڈیا فلائٹ 171حادثہ: پائلٹ نے جان بوجھ کر فیول سوئچ بند کیا، رپورٹ

image

ایئر انڈیا فلائٹ 171 کے گزشتہ سال 12 جون 2025 کو پیش آنے والے المناک حادثے کی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ یہ واقعہ تکنیکی خرابی کی وجہ سے نہیں بلکہ پائلٹ کے جان بوجھ کر کیے گئے عمل کی وجہ سے پیش آیا۔

اطالوی روزنامہ میں شائع رپورٹ کے مطابق کمانڈر پائلٹ کپتان سبھروال نے مبینہ طور پر جہاز کے فیول سوئچ بند کیے جو ایک جان بوجھ کر کیا گیا اقدام تھا۔ اس رپورٹ میں مغربی ہوا بازی ایجنسیوں کے ذرائع کو بھی حوالہ دیا گیا ہے۔

حادثے میں 260 افراد ہلاک ہوئے جن میں جہاز پر سوار 242 افراد میں سے 241 اور زمین پر موجود 19 افراد شامل ہیں۔ بوئنگ 787 احمد آباد ایئرپورٹ سے ٹیک آف کے فوراً بعد ایک ہاسٹل میں گر کر تباہ ہوا۔

ایئر کرافٹ ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن بیوروکی ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا کہ ایک پائلٹ نے دوسرے سے پوچھا کہ تم نے فیول کیوں بند کیا جس پر جواب آیا میں نے ایسا نہیں کیا۔رپورٹ میں یہ بھی ذکر ہے کہ کپتان سبھروال حادثے سے ایک ماہ قبل ڈپریشن کا شکار تھے۔

اطالوی روزنامے کے مطابق بھارتی تحقیقات کاروں نے امریکی ماہرین کے ساتھ اتفاق کیا کہ یہ حادثہ کسی مکینیکل خرابی کی وجہ سے نہیں ہوا بلکہ یہ جان بوجھ کر کیا گیا اقدام تھا۔ ابتدائی رپورٹس کے لیک ہونے پر بھارت میں پائلٹس کی ایسوسی ایشنز نے احتجاج کیا تھا جبکہ سبھروال کے والد نے بیٹے کے دماغی صحت پر لگائے گئے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے دوبارہ تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔

رپورٹس میں بلیک باکس کے ڈیٹا کی بنیاد پر ابتدائی تکنیکی تجزیہ بھی شامل ہے جس میں مکینیکل خرابی کو مسترد کرتے ہوئے بتایا گیا کہ دونوں انجن حادثے کے وقت دستی طور پر بند کیے گئے تھے۔

دوسری جانب رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ایئر انڈیا نے حادثے کے شکار افراد کے اہل خانہ کو نقد معاوضے کی پیشکش کی ہے شرط یہ ہے کہ وہ ایئر لائن اور جہاز بنانے والی کمپنی کے خلاف قانونی کارروائی نہیں کریں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US