پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان نیوی کا جدید اور نیا کمیشن شدہ جہاز پی این ایس خیبر اپنے پہلے سفر کے دوران ترکیہ کے اکساز نیول بیس پہنچا، جہاں اس نے ترک بحریہ کے ساتھ مشترکہ مشقوں اور گشت میں حصہ لیا۔
پی این ایس خیبر نے Aksaz Naval Base پر قیام کے دوران ترک بحریہ کے جنوبی سمندری علاقے کے کمانڈر سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ بحری تعاون کے فروغ اور خطے میں استحکام کے لیے مشترکہ اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بعد ازاں ترک نیول فورسز کے اعلیٰ افسران نے جہاز کا دورہ بھی کیا۔
بندرگاہ کے دورے کے بعد پی این ایس خیبر نے پاک-ترک دوطرفہ بحری مشق Exercise TURGUTREIS-XIII میں حصہ لیا۔ اس مشق میں ترک بحریہ کے جہاز TCG HEYBELIADA اور ٹی این ایف کے SH-70 ہیلی کاپٹر نے بھی شرکت کی۔ مشق کے دوران مشترکہ بحری آپریشنز کی مشقیں کی گئیں اور دونوں بحری افواج کے درمیان ہم آہنگی اور پیشہ ورانہ مہارت کو مزید بہتر بنایا گیا۔
مشق کے اختتام پر پی این ایس خیبر اور ٹی سی جی ہیبیلی ادا نے مشرقی بحیرہ روم میں مشترکہ مربوط گشت (CORPAT) بھی انجام دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مشق TURGUTREIS-XIII اور مشترکہ گشت کا کامیاب انعقاد پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مضبوط اسٹریٹجک شراکت داری اور برادرانہ تعلقات کا عملی مظہر ہے۔