ایران پر دباؤ بڑھانے کے لیے امریکا کا بڑا اقدام، مشرقِ وسطیٰ میں مزید بحری بیڑہ بھیجنے کا اعلان

image

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر دباؤ بڑھانے کے لیے مشرقِ وسطیٰ میں دنیا کا سب سے بڑا بحری بیڑہ بھیجنے کا اعلان کر دیا ہے جس کے بعد خطے میں کشیدگی میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

شمالی کیرولائنا کے ایک فوجی اڈے سے روانگی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا دوسرا طیارہ بردار بحری جہاز مشرقِ وسطیٰ روانہ کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایران نے جوہری معاہدہ نہ کیا تو اس بحری بیڑے کی ضرورت پیش آئے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا اپنے مفادات اور اتحادیوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق دنیا کا سب سے بڑا طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس جیرالڈ آر فورڈ کیریبین سمندر سے مشرقِ وسطیٰ کی جانب روانہ کیا جا رہا ہے، جہاں وہ پہلے سے موجود امریکی جنگی بیڑے میں شامل ہوگا۔ اس سے قبل یو ایس ایس ابراہم لنکن اور اس کے ہمراہ گائیڈڈ میزائل ڈسٹرائرز بھی خطے میں تعینات ہیں۔

یہ اعلان اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو سے ملاقات کے بعد سامنے آیا، جسے خطے کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ ایران کے ساتھ معاہدہ کرنا چاہتے ہیں اور مذاکرات کی کامیابی کی توقع رکھتے ہیں، تاہم اگر مذاکرات ناکام ہوئے تو ایران کے لیے صورتحال سنگین ہو سکتی ہے۔

دوسری جانب خلیجی عرب ممالک نے خبردار کیا ہے کہ ایران کے خلاف کسی بھی ممکنہ فوجی کارروائی سے مشرقِ وسطیٰ میں ایک اور بڑی جنگ چھڑ سکتی ہے، جس کے اثرات نہ صرف خطے بلکہ عالمی معیشت پر بھی مرتب ہوں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US