وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ راجن پور اور کچے کے علاقوں میں ڈاکوؤں کے خلاف جاری آپریشن مکمل کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا اور یہ علاقے اب 100 فیصد کلیئر ہیں۔
کچے میں آپریشن کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ان علاقوں میں ڈاکوؤں نے ریاست کے اندر ایک علیحدہ ریاست قائم کر رکھی تھی اور خوف کا ماحول پیدا کر رکھا تھا، جہاں لوگوں کو اغوا کرنے کے لیے ہنی ٹریپ استعمال کیے جاتے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ رحیم یار خان اور راجن پور کے کچے میں ڈاکوؤں کے خلاف فیصلہ کن آپریشن پاک فوج، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد سے کیا گیا۔ جدید ترین سرویلنس اور ہیومن سرویلنس کے ساتھ ڈرون کیمروں کا استعمال کیا گیا تاکہ ہر ڈاکو کی نقل و حرکت پر نظر رکھی جا سکے۔
مریم نواز نے سندھ پولیس اور حکومت سندھ کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے آپریشن میں بھرپور تعاون فراہم کیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اب راجن پور اور کچے میں حکومت کی رٹ بحال ہو گئی ہے، خوف کا ماحول ختم ہو گیا اور قانون کی عملداری قائم ہو گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کے لیے کوئی رعایت نہیں ہوگی اور کچے کے ڈاکوؤں کے لیے اب کوئی پناہ گاہ موجود نہیں۔ اس آپریشن کے دوران 500 سے زائد ڈاکوؤں نے سرنڈر کیا، اور الحمدللہ پنجاب کے علاقے اب محفوظ ہیں۔