جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے مین رن وے کی ازسرِ نو تعمیر مکمل، باقاعدہ افتتاح

image

کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے مرکزی رن وے کی ازسرِ نو تعمیر مکمل ہونے کے بعد اس کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔

افتتاحی تقریب میں سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد علی نے ربن کاٹ کر نئے تعمیر شدہ رن وے کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پاکستان ایئر پورٹس اتھارٹی ائیر وائس مارشل ذیشان سعید نے مہمانِ خصوصی اور ایڈیشنل سیکرٹری دفاع میجر جنرل قیصر سلیمان کا ہیڈکوارٹرز آمد پر استقبال کیا اور منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی۔

پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق مین رن وے کو 18 ماہ کی مدت میں بغیر کسی تاخیر اور اضافی لاگت کے مکمل کیا گیا۔ سیکرٹری دفاع نے عالمی معیار کے مطابق کوڈ 4F رن وے کی تعمیر کو سراہتے ہوئے ادارے کی پیشہ ورانہ کارکردگی کی تعریف کی۔

اتھارٹی کے مطابق رن وے 07L/25R کو جدید تقاضوں کے مطابق اپ گریڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد اب بڑے طیارے بشمول ایئر بس کے A380 بھی یہاں لینڈ کر سکیں گے۔ نئے تعمیر شدہ رن وے پر پہلی کمرشل پرواز 19 فروری کو لینڈ کرے گی۔

تقریب کے اختتام پر یادگاری شیلڈز کا تبادلہ بھی کیا گیا۔ مہمانِ خصوصی نے ڈی جی پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی ذیشان سعید کو اعزازی شیلڈ پیش کی جبکہ دیگر افسران میں ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل سمیر سعید، ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ غلام عباس شیخ، ائیرپورٹ مینیجر عدنان خان اور پروجیکٹ ڈائریکٹر زاہد اسحاق شامل تھے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US