وزارت خارجہ پاکستان کے ترجمان دفتر کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف 15 اور 16 فروری 2026 کو ویانا، آسٹریا کا سرکاری دورہ کریں گے۔ یہ دورہ آسٹریا کے وفاقی چانسلر کرسچین اسٹوکر کی دعوت پر کیا جا رہا ہے۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی ہوگا جس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ شامل ہیں۔
دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف اپنے آسٹرین ہم منصب سے ملاقات کریں گے، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون اور مختلف شعبوں میں شراکت داری کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
وزیراعظم پاکستان–آسٹریا بزنس فورم کے اجلاس کی بھی صدارت کریں گے، جو آسٹرین اکنامک چیمبر کے زیر اہتمام منعقد کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ وزیراعظم مختلف بین الاقوامی اور کثیرالجہتی اداروں کا بھی دورہ کریں گے۔
وزارت خارجہ کے مطابق پاکستان اور آسٹریا کے درمیان دوستانہ تعلقات موجود ہیں جو مکالمے، تعاون، اقوام متحدہ کے منشور کے اصولوں، کثیرالجہتی نظام اور بین الاقوامی قانون کے احترام پر مبنی ہیں۔
یہ دورہ اس لحاظ سے بھی اہم ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کو 70 سال مکمل ہو رہے ہیں۔ یہ تین دہائیوں سے زائد عرصے میں کسی پاکستانی وزیراعظم کا آسٹریا کا پہلا دورہ ہے، اس سے قبل سابق وزیراعظم نواز شریف نے 1992 میں آسٹریا کا دورہ کیا تھا۔