ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے عمران خان کے اڈیالہ جیل میں جاری علاج اور طبی معائنے کا مکمل ریکارڈ طلب کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق جیل حکام کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ عمران خان کے تمام وائٹل سائنز، جن میں بلڈ پریشر، نبض، جسمانی درجہ حرارت اور شوگر لیول شامل ہیں، کا تفصیلی چارٹ فراہم کریں۔ اس کے ساتھ ساتھ کنسلٹنٹس کی رپورٹس بھی جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے، جن میں یہ تفصیل ہو کہ کس تاریخ کو کس ڈاکٹر اور میڈیکل اسٹاف نے ان کا معائنہ کیا۔
جیل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹر روزانہ تین مرتبہ عمران خان کے وائٹل سائنز ریکارڈ کرتا ہے تاکہ ان کی صحت کی مسلسل نگرانی یقینی بنائی جا سکے۔
حکومت نے عمران خان کی آنکھوں کے معائنے اور علاج کے لیے الشِفا آئی اسپتال کے دو سینئر ماہرین چشم، ڈاکٹر ندیم قریشی اور ڈاکٹر امجد پر مشتمل خصوصی میڈیکل پینل بھی تشکیل دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس پینل میں شامل دونوں ماہرین کا شمار ملک کے ممتاز اور تجربہ کار ماہرین امراض چشم میں ہوتا ہے، جو عمران خان کے علاج اور معائنے کی نگرانی کریں گے۔