ایف سی ٹریننگ سینٹر لورالائی میں فرنٹیئر کور بلوچستان (نارتھ) کے 68 ویں بیچ (فیز ٹو) کی شاندار پاسنگ آؤٹ پریڈ منعقد ہوئی، جس میں 1104 ریکروٹس نے کامیابی سے تربیت مکمل کرلی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور بلوچستان (نارتھ) میجر جنرل محمد عاطف مجتبیٰ تھے، جنہوں نے پریڈ کا معائنہ کیا اور تربیت مکمل کرنے والے جوانوں کو مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ تمام ریکروٹس کو فخر ہونا چاہیے کہ وہ ایف سی بلوچستان (نارتھ) جیسے باوقار ادارے کا حصہ بن رہے ہیں، جو اپنی شاندار روایات، قربانی اور بہادری کے لیے پہچانا جاتا ہے۔
پاسنگ آؤٹ پریڈ میں نوشکی میں شہید ہونے والے خطیب امشد علی کے والد نواب خان کو بطور مہمانِ خصوصی مدعو کیا گیا، جبکہ شہید کی فیملی کی قربانی کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
تقریب میں قبائلی عمائدین، مقامی شخصیات، معزز مہمانوں اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء کی موجودگی نے ایف سی اور عوام کے درمیان مضبوط تعلقات اور باہمی اعتماد کی عکاسی کی۔
تقریب کے اختتام پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے ریکروٹس میں خصوصی انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔