بھارت: شادی میں مہمان بن کر آیا چور دلہن کے زیورات سمیت 4 لاکھ روپے سے بھرا بیگ اُٹھا کر فرار

image

بھارت میں ہونے والی ایک شادی کی تقریب کے دوران اسٹیج سے دلہن کا بیگ چرانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق جے پور میں شادی کی تقریب میں مہمان بن کر آئے ایک چور نے دلہن کا بیگ چوری کرلیا۔ بیگ میں تقریباً 4 لاکھ روپے نقدی اور قیمتی زیورات موجود تھے۔

رپورٹ کے مطابق چوری کی ویڈیو فوٹوگرافر کے کیمرے میں ریکارڈ ہوئی جو بعد میں پولیس تحقیقات کے لیے اہم شواہد بن گئی۔

یہ واقعہ 7 فروری کو چندن ون میریج گارڈن میں پیش آیا تھا، جہاں شادی کی تقریبات جاری تھیں۔ پولیس میں درج شکایت کے مطابق تقریباً رات دس بج کر 15 منٹ پر دلہن اور دلہا اسٹیج پر فوٹوشوٹ کے لیے موجود تھے جب چوری کا واقعہ رونما ہوا۔

مہمانوں کی بھیڑ میں ایک شخص، جو نفیس لباس اور بلیزر میں ملبوس تھا، اسٹیج کے قریب آیا۔ ویڈیو میں دیکھا گیا کہ مشتبہ شخص سکون سے اسٹیج پر چڑھا اور چند سیکنڈ میں دلہن کا بیگ اٹھایا، اور اسے اپنے بلیزر میں چھپا کر بھیڑ میں شامل ہو کر فرار ہو گیا۔

ابتدائی طور پر اس عمل کو کسی نے محسوس نہیں کیا کیونکہ خاندان کے افراد اور مہمان تقریب اور تصاویر بنوانے میں مصروف تھے۔ صرف فوٹوشوٹ کے بعد دلہن کو احساس ہوا کہ اس کا بیگ غائب ہے۔

بیگ میں موجود قیمتی زیورات اور نقدی کی مالیت تقریباً 4 لاکھ روپے بتائی گئی۔ جگہ کی تلاش کے باوجود کچھ نہیں ملا، جس کے بعد اہلخانہ نے تقریب کی ویڈیو ریکارڈنگ کا جائزہ لیا۔ لائیو فوٹیج میں واضح طور پر مشتبہ شخص کو چوری کرتے ہوئے دیکھا گیا۔

دلہا کے بھائی نتن کارول نے بعد ازاں پولیس میں باقاعدہ شکایت درج کروائی۔

پولیس حکام کے مطابق ویڈیو شواہد کی مدد سے مشتبہ شخص کی شناخت کر لی گئی ہے اور اسے گرفتار کرنے کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US