جماعت اسلامی کا ملک گیر یوم احتجاج، کراچی میں 10شاہراہوں پر دھرنے

image

سندھ اسمبلی پر جماعت اسلامی کا پر امن احتجاج، نہتے کارکنوں پر پولیس لاٹھی چارج و شیلنگ، درجنوں کارکنان کی گرفتاری کے خلاف امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر ملک گیر یوم احتجاج منایا گیا، جبکہ کراچی میں شہر کی 10مرکزی شاہراہوں پر احتجاجی دھرنے دیے گئے،

شرکاء نے مطالبہ کیا کہ کراچی کو حق اور با اختیار شہری حکومت دی جائے، گرفتار کارکنوں کو فی الفور رہا اور دہشت گردی کے مقدما ت ختم کیے جائیں۔

شرکاء نے پر جوش نعرے بھی لگائے، احتجاجی دھرنے شاہراہ پاکستان، سپرہائی وے، نیشنل ہائی وے، شاہراہ اورنگی، شاہراہ کورنگی(کراسنگ)، حب ریور روڈ (شیرشاہ)، داؤد چورنگی، لی مارکیٹ، شاہراہ شیرشاہ سوری روڈ، جوہر موڑ راشد منہاس روڈ پر دیے گئے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے لسبیلہ چوک پر دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کراچی دشمن پارٹی ہے اور اسٹبلشمنٹ کی اے پلس ٹیم بنی ہوئی ہے، پیپلز پارٹی اہل کراچی کے حقوق غصب کیے بیٹھی ہے اور کراچی کے اداروں اور وسائل پر قابض ہے۔

انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی جمہوریت یہ ہے کہ ایک جانب کچے کے ڈاکوؤں کی سرپرستی اور دوسری جانب اہل کراچی کے حق کے لیے نکلنے والوں کے خلاف دہشت گردی کی ایف آئی آر درج کر رہی ہے۔

جماعت اسلامی نے کراچی کو حق دینے اور عوام کو جینے دو کی بات کی تھی لیکن پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت کی ایماء پر پر امن اور نہتے کارکنوں پر وحشیانہ تشدد کیا گیا، لاٹھیاں برسائی گئی اور شیلنگ کی گئی، پیپلز پارٹی کی 18سالہ حکومت نے اہل کراچی سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے لیکن ہمارا عزم ہے کہ مزاحمت اور جدو جہد کسی صورت نہیں رکے گی۔ ہم کراچی کو میٹرو پولیٹن سٹی حکومت دینا اورعوام کے مسائل حل کرنا چاہتے ہیں۔ جماعت اسلامی کی عوامی جدو جہد اور مزاحمت حکومت کوگھٹنے ٹیکنے پر مجبور کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی ہو یا ایم کیو ایم یہ منتخب نمائندوں کو اختیارات دینے سے ڈرتے ہیں۔ ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی فرینڈلی اپوزیشن کرتی ہیں اور بلدیاتی و سیاسی اختیارات دینے کے لیے کوئی تیار نہیں۔ حکمران کراچی کو بجلی، پانی، سڑکیں اور ٹرانسپورٹ دینے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ 21 سال ہوگئے کے فور منصوبہ مکمل ہونے کا نام نہیں لے رہا۔ کراچی کا 50 فیصد علاقہ پانی سے محروم ہے۔ گزشتہ سال 3256 ارب روپے کراچی نے ٹیکس کی مد میں جمع کروائے لیکن عوام کو بنیادی سہولتیں میسر نہیں۔

احتجاجی دھرنے سے نائب امیر کراچی مسلم پرویز، امیر ضلع قائدین انجینئر عبد العزیز، امیر ضلع وسطی سید وجیہ حسن، سکریٹری ضلع قائدین نعمان حمید و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی پارلیمانی لیڈر جنید مکاتی، سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری، ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات صہیب احمد ودیگر بھی موجود تھے۔

علاوہ ازیں شہر کے دیگر مقامات پر دیے جانے والوں دھرنوں سے امرائے اضلاع و دیگر ذمہ داران نے خطاب کیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US