راولپنڈی میں بے نظیر بھٹو شہید اسپتال کے نئے ہال کی افتتاحی تقریب کے موقع پر وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاست میں حرفِ آخر نہیں ہوتا اور آج کے حریف کل کے ساتھی بن سکتے ہیں۔
راولپنڈی میں گفتگو کرتے ہوئے حنیف عباسی نے کہا کہ سیاست میں وقت کے ساتھ پختگی آتی ہے اور ان میں آج 2003 کے مقابلے میں زیادہ سیاسی میچورٹی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) ایک دن میں اکٹھے ہو سکتے ہیں تو پاکستان تحریک انصاف کو موقع کیوں نہیں دیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ سیاست میں گالم گلوچ اور انتشار کی کوئی گنجائش نہیں ملک مقدم ہے اور کوئی بھی لیڈر ملک سے بڑھ کر نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اقتدار پاکستان کو نقصان پہنچا کر حاصل نہیں کیا جا سکتا اور پاکستان کسی ایک جماعت یا گروہ کا نہیں بلکہ سب کا ہے۔
بانی پی ٹی آئی سے ممکنہ ڈیل سے متعلق سوال پر حنیف عباسی نے کہا کہ شادی سے پہلے دونوں فریقین کی رضا مندی ضروری ہوتی ہے اگر دونوں اطراف سے رضامندی ہو گئی تو ڈیل ہو سکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہر قیدی کا حق ہے کہ اسے علاج کی سہولت دی جائے اور بانی پی ٹی آئی کا علاج بھی ان کا حق ہے۔ حنیف عباسی نے اپنے دورِ اسیری کا حوالہ دیتے ہوئے شکوہ کیا کہ انہیں ذاتی معالج اور اہل خانہ سے ملاقات کے لیے کئی بار درخواست دینا پڑی مگر اجازت نہیں ملی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ نو مئی جیسے واقعات کے ذریعے اقتدار حاصل کرنے کی خواہش غلط ہے۔