پاکستان نے مقبوضہ مغربی کنارے کو نام نہاد ریاستی ملکیت میں تبدیل کرنے اور غیر قانونی اسرائیلی بستیوں کے پھیلاؤ کی کوششوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کے یہ اقدامات بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور جنرل اسمبلی کی متعلقہ قراردادوں کی واضح خلاف ورزی ہیں، جنہیں عالمی برادری کو مسترد کرنا چاہیے۔
ترجمان نے کہا کہ قابض طاقت کی جانب سے بین الاقوامی قانون کی مسلسل خلاف ورزی اور اشتعال انگیز اقدامات خطے میں منصفانہ، جامع اور دیرپا امن کی کوششوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔
پاکستان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ اسرائیل کو جوابدہ بنایا جائے اور بین الاقوامی قانون کا احترام یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔
پاکستان نے فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے 1967 کی سرحدوں کے مطابق ایک آزاد اور خودمختار فلسطین کے قیام کی حمایت کی، جس کا دارالحکومت القدس ہو۔