امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امن بورڈ کے رکن ممالک غزہ کے لیے پانچ ارب ڈالر سے بھی زیادہ فنڈز فراہم کریں گے۔ رائٹرز کے مطابق انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بورڈ کے رکن ملک اس سلسلے میں باضابطہ اعلان 19 فروری جمعرات کو ہونے والے پہلے باقاعدہ اجلاس میں کریں گے۔
امریکی دفتر خارجہ کے مطابق امن بورڈ کا یہ اجلاس ڈونلڈ ٹرمپ کی زیر صدارت جمعرات کو 'انسٹی ٹیوٹ فار پیس' نامی تھنک ٹینک میں ہوگا۔
یاد رہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ امریکی صدر ہونے کے ساتھ ساتھ غزہ کو چلانے والے اس بورڈ کے بھی صدر ہیں۔ انہوں نے 19 فروری کو امن بورڈ کا پہلا اجلاس واشنگٹن میں طلب کیا ہے۔ قبل ازیں اجلاس میں 20 سے زیادہ رکن ممالک کے نمائندوں کے علاوہ کئی ممالک کے سربراہانِ حکومت بھی شریک ہوں گے۔
یہ امن بورڈ اقوام متحدہ کی منظوری سے قائم کیا گیا ہے۔ جس میں خلیجی ممالک کے علاوہ پاکستان، ترکیہ اور کئی یورپی ممالک بھی شامل ہیں۔ امن بورڈ غزہ جنگ بندی کے دوسرے مرحلے کے سلسلے میں پیش رفت شروع کرنے والا ہے اور اس کے ماتحت عبوری انتظامیہ بنے گی جس کی سربراہی فلسطینی اتھارٹی کے نائب وزیر علی شاث کو سونپی گئی ہے۔