اطالوی پائلٹ ڈاریو کوسٹا نے ترکیہ میں ایک چلتی مال بردار ٹرین کے کنٹینر پر طیارہ اتار کر عالمی سطح پر ہنگامہ برپا کر دیا۔ غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ اسٹنٹ، جس میں ٹرین 120 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے دوڑ رہی تھی ہوابازی کی تاریخ کے سب سے خطرناک اسٹنٹس میں شمار کیا جا رہا ہے۔
کوسٹا نے نہ صرف طیارہ کامیابی سے ٹرین پر اتارا بلکہ چند سیکنڈز کے اندر دوبارہ وہاں سے اڑان بھرتے ہوئے ایک عالمی ریکارڈ بھی قائم کیا۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پائلٹ نے کمال مہارت کے ساتھ طیارہ ٹرین پر اتارا اور چند لمحوں بعد دوبارہ اڑان بھر لی۔
ڈاریو کوسٹا کا کہنا ہے کہ یہ ایک بلائنڈ لینڈنگ تھی جہاں ہر غلطی موت کے مترادف تھی لیکن ان کی سخت محنت اور جنون نے اس ناممکن مشن کو ممکن بنا دیا۔
واضح رہے کہ 2023 میں کوسٹا نے دبئی کے مشہور ہوٹل برج العرب کے ہیلی پیڈ پر طیارہ اتار کر دنیا کو حیران کر دیا تھا۔ اس اسٹنٹ کو ممکن بنانے کے لیے ایوی ایشن ٹیم نے طیارے میں کافی تبدیلیاں کی تھیں، اور کوسٹا نے اس خطرناک مشن کی پریکٹس 650 مرتبہ کی تاکہ 27 میٹر کے دائرے میں لینڈنگ ممکن ہو سکے۔