جرمنی میں ایک زخمی کارمورنٹ پرندہ علاج کی تلاش میں اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ کی دہلیز پر پہنچ گیا جسے دیکھ کر ڈاکٹرز بھی حیران رہ گئے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق پرندے کی چونچ میں مچھلی پکڑنے والا کانٹا بری طرح پھنسا ہوا تھا جس سے وہ شدید اذیت میں مبتلا تھا۔ زخمی پرندہ اسپتال پہنچ کر شیشے پر چونچ مار کر عملے کی توجہ مبذول کراتا رہا۔
اسپتال کے عملے نے فوری طور پر پرندے کا علاج کیا اور مکمل صحت یابی کے بعد اسے دوبارہ فضا میں آزاد کر دیا۔ اسپتال انتظامیہ نے بیان میں کہا کہ جب کوئی زخمی کارمورنٹ انسانوں کے قریب آتا ہے تو یہ عام طور پر شدید تکلیف میں ہوتا ہے اور علاج کے لیے مدد طلب کرتا ہے۔واضح رہے کہ کارمورنٹ ایک بڑا پرندہ ہے جس کی لمبی گردن اور مخصوص نوکیلی چونچ ہوتی ہے، اور یہ مچھلی پکڑنے میں ماہر سمجھا جاتا ہے۔