خیبر پختونخوا کے سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ محسن نقوی نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کیلیے سب سے زیادہ کوششیں کیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ محسن نقوی نے معاملے کو حل کرنے کیلیے بھرپور کردار ادا کیا اور وہ واحد شخصیت ہیں جو فیلڈ مارشل کے سامنے بھی بات کرسکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ محسن نقوی نے بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلیے فیلڈ مارشل سے بھی رابطہ کیا۔
دوسری جانب عمران خان کی اسپتال منتقلی اور طبی سہولیات کی فراہمی کے معاملے پر اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان کا دھرنا پانچویں روز میں داخل ہوگیا ہے۔ اپوزیشن اتحاد نے پارلیمنٹ ہاؤس میں دھرنا جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس حوالے سے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ جب تک اپوزیشن کے کسی نمائندے کی عمران خان سے ملاقات نہیں ہو جاتی، دھرنا جاری رکھا جائے گا۔
علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی رہنما خیبرپختونخوا ہاؤس کے باہر بھی احتجاج جاری رکھیں گے اور عمران خان کو مکمل طبی سہولیات فراہم ہونے تک احتجاج ختم نہیں کیا جائے گا۔