کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش سے موسم سہانا ہوگیا۔
منگل کی صبح سے ہی شہر پر بادل چھائے ہوئے تھے جو دوپہر کو برس پڑے۔
بفرزون، نارتھ ناظم آباد، لیاقت آباد، اورنگی ٹاؤن، گلستان جوہر، یونیورسٹی روڈ، گلشن اقبال، منگھوپیر، سائٹ ایریا، اولڈ سٹی ایریا، صدر، بلدیہ ٹاؤن سمیت دیگر علاقوں میں بارش برس رہی ہے۔
مختلف مقامات پر ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ بارش سے قبل شہر کے مختلف علاقوں میں ژالہ باری کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کہیں ہلکی اور کہیں معتدل بارش کا سلسلہ شام تک جاری رہے گا۔
قبل ازیں محکمہ موسمیات نے کراچی میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا تھا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹے میں شہر میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 18.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔