بشریٰ اور علیمہ سے متعلق بیانات، پی ٹی آئی کا علی امین کیخلاف ایکشن کا فیصلہ

image

بشریٰ بی بی اور علیمہ خان سے متعلق بیانات پر پاکستان تحریک انصاف نے سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے خلاف ایکشن لینے کا فیصلہ کرلیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت نے علی امین گنڈاپور کے بشریٰ بی بی اور علیمہ خان سے متعلق بیانات کا جائزہ لیا، پارٹی قیادت نے اڈیالہ ملاقاتوں کے بعد علی امین گنڈاپور کے خلاف ایکشن کا فیصلہ کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی قیادت نے تمام انٹرویوز اور بیانات کی تفصیلات منگوائیں، ویڈیوز اور بیانات کا جائزہ لینے کے بعد علی امین گنڈاپور کےخلاف ایکشن لینے کا فیصلہ کیا گیا۔

پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے اہلخانہ سے متعلق کوئی بھی بیان برداشت نہیں کیا جائے گا جبکہ سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا کا کہنا تھا علی امین گنڈاپور نے بہت سی باتیں کی ہیں اور بہت کچھ کہا، یقین دلاتا ہوں کہ اس کا جواب دیا جائے گا۔

سلمان اکرم راجا کا کہنا تھا کوئی قرض نہیں رکھا جائے گا لیکن آج وہ دن نہیں ہے، علی امین گنڈاپور کی تمام باتوں اور بیانات کا جواب ضرور دیا جائے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US