دو سال کی عمر میں گنج پن کا شکار ہونے والی خاتون کے فیصلے نے سب کے دل جیت لیے

image

بھارت میں ایک دلہن نے اپنی شادی کے دن ایسا قدم اٹھایا جس نے سوشل میڈیا پر وسیع پیمانے پر توجہ حاصل کر لی۔ ماہیما گھائی نامی خاتون نے الوپیشیا (گنج پن) کے ساتھ شادی کرنے کا فیصلہ کیا، جس کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئیں۔ روایتی خوبصورتی کے تصورات کو چیلنج کرتے ہوئے انہوں نے وِگ کے بغیر اپنی اصل شناخت کے ساتھ زندگی کے اس اہم دن کا سامنا کیا۔

لیکن اس خبر کے پیچھے ایک طویل اور جذباتی کہانی پوشیدہ ہے۔ ماہیما نے انسٹاگرام پر لکھا کہ انہوں نے خود سے محبت کرنا سیکھنے سے پہلے اپنے بال کھو دیے تھے۔ اس کے بعد آنے والے سال درد، علاج، سرگوشیوں اور شرمندگی سے بھرپور تھے۔

الوپیشیا نے ان کے بال ضرور چھینے، مگر اس سے بھی بڑھ کر اس نے ان کے اعتماد کو متاثر کیا۔ ہر نظر، ہر تبصرہ، ہر سرگوشی ان کے دل پر ایک نیا زخم چھوڑ جاتی تھی۔

یہ سفر کسی فلمی منظر کی طرح اچانک تبدیل نہیں ہوا۔ یہ ایک سست، ناہموار راستہ تھا۔ ایک دن انہوں نے فیصلہ کیا کہ وہ مزید خود کو چھپائیں گی نہیں۔

دی بیٹر اِنڈیا کے انسٹاگرام پیج سے شئیر کی جانے والی ماہیما گھائی سے متعلق ویڈیو پوسٹ میں لکھا گیا تھا کہ میں نے چُھپنا چھوڑ دیا، معافی مانگنا چھوڑ دی اور اپنا سر منڈوا لیا۔ یہ عمل بغاوت نہیں بلکہ سکون کی تلاش تھا، برسوں کے بوجھ کو اتار پھینکنے کا لمحہ تھا۔

شادی کے روز جب وہ سرخ کڑھائی والے روایتی لہنگے میں منڈپ پر کھڑی تھیں تو ان کا گنجا سر کسی کمی کی علامت نہیں بلکہ طاقت کی علامت بن چکا تھا۔ کچھ تصاویر میں روایتی دوپٹہ ان کے سر پر تھا، مگر ان کی اصل پہچان چھپی نہیں تھی۔

سوشل میڈیا صارفین نے ان کے اس قدم کو سراہا، کئی افراد نے اپنے بالوں کے جھڑنے یا جسمانی عدم اعتماد کے تجربات شیئر کیے اور کہا کہ ماہیما نے انہیں خود کو قبول کرنے کا حوصلہ دیا ہے۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق خاتون نے وِگ نہ پہننے کا فیصلہ جان بوجھ کر کیا تھا کیونکہ وہ اپنی زندگی کے سب سے اہم دن کسی اور کا روپ دھارنا نہیں چاہتی تھیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US