وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے رمضان المبارک کے دوران سحر اور افطار کے اوقات میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی۔
وزیر توانائی نے پاور ڈویژن کو خصوصی احکامات دیتے ہوئے کہا ہے کہ زیادہ لائن لاسز والے علاقوں میں بھی سحر و افطار کے دوران لوڈشیڈنگ نہ کی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ لوڈ مینجمنٹ اگر ناگزیر ہو تو اسے سحر اور افطار کے علاوہ اوقات میں ایڈجسٹ کیا جائے تاکہ روزہ داروں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
اویس لغاری کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے اور بجلی کی بلا تعطل فراہمی کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
دوسری جانب سوئی سدرن گیس نے بھی رمضان المبارک کے لیے گیس فراہمی کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ کمپنی کے مطابق صبح 3 بجے سے رات 10:30 بجے تک گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی تاکہ سحر اور افطار کے اوقات میں صارفین کو سہولت میسر ہو۔
حکام کا کہنا ہے کہ رمضان کے دوران بجلی اور گیس کی بلا تعطل فراہمی کے لیے مانیٹرنگ کا نظام بھی مزید مؤثر بنایا جائے گا۔