سپریم کورٹ آف پاکستان نے بیوی کے قاتل وارث مسیح کی سزا کے خلاف دائر اپیل مسترد کرتے ہوئے پہلے سے موجود سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کرنے کے فیصلے کی توثیق کردی۔
سپریم کورٹ کے فیصلے میں جسٹس ہاشم کاکڑ نے لکھا کہ مرد خواتین کے محافظ ہیں، قاتل نہیں، اور خواتین معاشرے کے برابر کے رکن ہیں جنہیں تحفظ، احترام اور عزت دی جانی چاہیے۔
عدالت نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کو برقرار رکھا جس میں قتل کے جرم میں سزا یافتہ وارث مسیح کی سزائے موت کو عمر قید میں بدل دیا گیا تھا۔
فیصلے کے مطابق، ملزم نشہ کا عادی تھا اور 2015 میں اپنی بیوی اور دو کم عمر بچوں پر ڈنڈوں سے حملے کرتا رہا، جس سے وہ شدید زخمی ہوگئے۔ مقتولہ کی بیٹی نے بطور چشم دید گواہ بیان دیا، جبکہ طبی شواہد نے یہ تصدیق کی کہ مقتولہ کی موت کھوپڑی کے فریکچر اور دماغی چوٹوں کی وجہ سے ہوئی۔