عدالتی حکم پر خیبر پختونخوا اور پنجاب کو ملانے والی تمام شاہراہیں ٹریفک کیلیے بحال

image

پشاور ہائیکورٹ کے احکامات پر صوابی، نوشہرہ، ہری پور، ڈیرہ اسماعیل خان اور کوہاٹ کی ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے خیبر پختونخوا کو پنجاب سے ملانے والی تمام اہم شاہراہیں کھول دیں اور راستوں پر قائم رکاوٹیں ہٹا دیں، جس کے بعد کئی روز سے بند سڑکوں پر ٹریفک مکمل طور پر بحال ہوگئی۔

انتظامیہ نے پی ٹی آئی مظاہرین سے کامیاب مذاکرات کے بعد رات گئے صوابی انٹرچینج اور خوشحال گڑھ کوہاٹ پل کو ٹریفک کیلیے کھول دیا۔ اس سے قبل دریائے سندھ پر قائم اٹک پل سے بھی رکاوٹیں ہٹا کر مرکزی جی ٹی روڈ کو ٹریفک کیلیے بحال کیا گیا تھا۔

ڈیرہ اسماعیل خان کو پنجاب کے علاقوں میانوالی اور چشمہ سے ملانے والی سڑکیں اور پل بھی کھول دیے گئے، جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان، اسلام آباد موٹر وے اور ایم 14 کو بھی مظاہرین سے کلیئر کرا لیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق ہزارہ موٹر وے پر حویلیاں اور مسلم آباد انٹرچینج بھی ٹریفک کیلیے بحال کر دیے گئے ہیں، جس کے بعد خیبر پختونخوا اور پنجاب کے درمیان آمدورفت معمول پر آگئی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US