وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے لیے خصوصی فورس قائم کرنے کا اعلان کردیا۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ انہیں بانی پی ٹی آئی کی جانب سے اسٹریٹ موومنٹ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے، تاہم عدالتی احکامات پر عمل نہیں ہو رہا اور بانی کو ذاتی معالجین تک رسائی بھی نہیں دی جا رہی۔
انہوں نے اعلان کیا کہ "بانی رہائی فورس" قائم کی جا رہی ہے جس کی باقاعدہ رجسٹریشن کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ فورس پرامن جدوجہد کرے گی اور عید کے فوراً بعد 22 فروری کو پشاور میں فورس کے ارکان سے حلف لیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے مزید کہا کہ فورس کا باقاعدہ چین آف کمانڈ ہوگا اور جس شخص کو عمران خان ذمہ داری دیں گے وہی اس فورس کی قیادت کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ جدوجہد جمہوریت، آئین کی بالادستی اور آزاد میڈیا کے لیے ہوگی۔
ایک سوال کے جواب میں سہیل آفریدی نے کہا کہ پارٹی کے اندر انہیں ہٹانے کی خواہش رکھنے والے یاد رکھیں کہ عزت اور ذلت اللہ کے ہاتھ میں ہے، جبکہ اس حوالے سے کسی پیغام سے متعلق سوال بانی پی ٹی آئی کی بہنوں سے کیا جائے۔