توشہ خانہ کیس: الیکشن کمیشن کو نوٹس، بانی پی ٹی آئی کی اپیل پر جواب طلب

image

سپریم کورٹ آف پاکستان نے توشہ خانہ کیس میں بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی سزا اور اس کے اثرات سے متعلق اہم پیشرفت کرتے ہوئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو نوٹس جاری کردیا ہے۔

جسٹس ہاشم کاکڑ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی کے وکیل لطیف کھوسہ نے اپنے مؤکل سے ذاتی ملاقات کی اجازت دینے کی درخواست کی، تاہم عدالت نے یہ درخواست مسترد کرتے ہوئے قرار دیا کہ عدالت پہلے ہی ازخود نوٹس لے چکی ہے اور کسی فوجداری مقدمے میں اس نوعیت کی ملاقات کا حکم نہیں دیا جا سکتا۔

دوران سماعت عدالت نے سزا کی معطلی اور اس کے قانونی اثرات پر تفصیلی بحث کی۔ عدالت کو بتایا گیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی سزا کو معطل کردیا ہے، تاہم اصل فیصلہ تاحال برقرار ہے، جس کی وجہ سے وہ انتخابات میں حصہ لینے کے اہل نہیں ہیں۔

اس موقع پر جسٹس ہاشم کاکڑ نے استفسار کیا کہ اگر سزا معطل ہو چکی ہے تو اس کے اثرات کیسے برقرار رہ سکتے ہیں۔ اس پر وکیل لطیف کھوسہ نے مؤقف اختیار کیا کہ سزا کی معطلی کے بعد تمام قانونی پابندیاں ختم ہوجانی چاہئیں اور متعلقہ فرد کو مکمل ریلیف ملنا چاہیے۔

سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن سے اس معاملے پر جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی، جبکہ آئندہ سماعت کی تاریخ بعد میں مقرر کی جائے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US