پاکستان کا سلامتی کونسل میں فلسطینی عوام کے لیے غیر متزلزل حمایت کا اعادہ

image

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے جمعرات کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بریفنگ دیتے ہوئے فلسطینی عوام کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے مغربی کنارے پر اسرائیل کے غیر قانونی اقدامات بشمول الحاق کی کوششیں، بستیوں کا قیام اور فلسطینی زمینوں کو "ریاستی زمین" قرار دینے کی سخت مذمت کی۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ انصاف کے بغیر پائیدار امن ممکن نہیں اور فلسطینی عوام کو حقِ خودارادیت دیئے بغیر کوئی حل حاصل نہیں کیا جا سکتا۔ پاکستان نے غزہ میں مستقل جنگ بندی، انسانی امداد میں اضافہ، تعمیر نو اور مربوط سفارت کاری کے ذریعے فلسطینی حقِ خودارادیت کے حصول کی حمایت کے لیے بورڈ آف پیس میں شمولیت اختیار کی ہے۔

انہوں نے سلامتی کونسل کی قرارداد 2803 کے تحت جاری سفارتی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کی بار بار خلاف ورزی، انسانی امداد پر پابندیاں اور اقوامِ متحدہ کے دفاتر پر حملے ناقابلِ قبول ہیں۔

محمد اسحاق ڈار نے 1967 کی سرحدوں پر فلسطینی ریاست کے قیام، القدس الشریف کو دارالحکومت بنانے اور فلسطینی اتھارٹی کے کردار کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان صدر ڈونلڈ جے ٹرمپ کے امن اقدامات، بورڈ آف پیس اور دو ریاستی حل کے لیے عالمی تعاون میں فعال کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ بین الاقوامی قانون اور اقوامِ متحدہ کے منشور کی بنیاد پر مشرقِ وسطیٰ میں منصفانہ اور دیرپا امن کا واحد راستہ ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US