ارب پتی دادا اپنی جائیداد نرس کو نا دے دیں اس ڈر سے اہلخانہ بیمار شخص کو وہیل چیئر پر اسپتال سے لے اڑے۔
تائیوان کے دارلحکومت تائی پی میں وانگ نامی 102 برس کے شخص کو اسکی اڑسٹھ برس کی نئی بیوی طبی معائنے کے بعد واپس لے جارہی تھی۔ خاتون کو تیمارداری کیلئے رکھا گیا تھا مگر وانگ نے خفیہ طور پر اس سے شادی کرلی تھی اور لاکھوں ڈالر مالیت کی اپنی جائیداد اسکے نام کرنے والا تھا۔
رپورٹس کے مطابق طبی معائنے کے بعد مس لائی وانگ کو واپس لے جارہی تھیں کہ وانگ کے تین بیٹے، تین بہوئیں اور چار پوتے وہیل چیئر پر موجود وانگ کو اپنے ساتھ لے گئے۔
اس دوران مس لائی پولیس کو پکارتی رہیں اور دھکم پیل کے دوران زخمی بھی ہو گئیں۔ اہل خانہ کا دعویٰ ہے کہ مس لائی نے وانگ کو عزیزوں سے دور رکھا تاکہ اپنا مالی مستقبل محفوظ کر سکے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وانگ نے پہلے ہی اپنے سات پلاٹ سمیت تقریباً 2.5 ملین پاؤنڈ مالیت کی جائیداد مس لائی اور اس کے بچوں کے نام کر دی تھی جبکہ مجموعی اثاثوں کی مالیت تقریباً 19 ملین پاؤنڈ ہے۔ مس لائی نے خود کو بےقصور قرار دیتے ہوئے پولیس رپورٹ درج کرا دی ہے۔