وفاقی وزیر داخلہ کا اسلام آباد کے نوتعمیر شدہ اور زیرتعمیر تھانوں کا معائنہ

image

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد کے نئے تعمیر شدہ اور زیر تعمیر تھانوں کا معائنہ کیا۔

وزیر داخلہ نے تھانہ کوہسار، زیر تعمیر ویمن پولیس اسٹیشن جی سکس اور زیر تعمیر تھانہ کورال کا دورہ کیا اور سہولتوں کا جائزہ لیا۔

محسن نقوی نے تھانہ کوہسار کی نئی عمارت میں فراہم کردہ جدید سہولتوں کا معائنہ کیا اور فرنٹ ڈیسک سمیت دیگر سیکشنز کا جائزہ لیا۔ انہوں نے پولیسنگ کے نظام کو عوام دوست بنانے اور سائلین کے لیے مزید سہولتیں مہیا کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ جدید پولیسنگ کے فروغ کے لیے نو تعمیر شدہ تھانوں میں عوامی سہولتوں کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔ انہوں نے ویمن پولیس اسٹیشن جی سکس کی تعمیر جلد مکمل کرنے اور تھانہ کورال کی نئی عمارت کو 2 ماہ کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت دی۔

محسن نقوی نے کہا کہ جدید انفراسٹرکچر اور ٹیکنالوجی کے استعمال سے اسلام آباد کے پولیسنگ سسٹم کو عالمی معیار کے مطابق بنایا جائے گا۔

اس موقع پر آئی جی اسلام آباد پولیس، چیئرمین سی ڈی اے، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US