دفتر خارجہ پاکستان نے 16 فروری 2026 کو باجوڑ میں ہونے والے دہشت گرد حملے پر افغان ناظم الامور کو طلب کرکے سخت احتجاج (ڈیمارش) ریکارڈ کرایا ہے، جس میں 11 پاکستانی فوجی شہید ہوئے تھے۔
ترجمان کے مطابق پاکستان نے اس خودکش گاڑی حملے اور فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کی، جو تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) المعروف فتنہ الخوارج نے کیا۔
دفتر خارجہ نے افغان حکام کو آگاہ کیا کہ ٹی ٹی پی کی قیادت افغانستان میں موجود ہے اور یہ گروہ افغان سرزمین سے آزادانہ طور پر کارروائیاں کر رہا ہے، جس پر پاکستان کو شدید تشویش ہے۔ پاکستان نے اس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ افغان حکام کی جانب سے بارہا یقین دہانیوں کے باوجود عملی اقدامات نظر نہیں آئے۔
پاکستان نے افغان حکام پر زور دیا کہ وہ اپنی سرزمین پر موجود تمام دہشت گرد گروہوں اور ان کی قیادت کے خلاف فوری، ٹھوس اور قابل تصدیق کارروائی کریں۔
دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری، فوجیوں اور شہریوں کے تحفظ کیلیے فتنہ الخوارج اور اس سے منسلک عناصر کے خلاف جہاں بھی ہوں، کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔