اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اجلاس میں وزیر اعظم کے رمضان ریلیف پیکج 2026 کیلیے فنڈز کے اجرا کی منظوری دے دی۔
اجلاس میں وزارت تخفیف غربت اور سماجی تحفظ کی جانب سے پیش کی گئی سمری پر غور کیا گیا، جس میں مجموعی طور پر 25 ارب روپے کے فنڈز کی منظوری طلب کی گئی تھی۔ وزارت خزانہ نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ رواں مالی سال کے بجٹ میں پہلے ہی 19 ارب روپے مختص کیے جا چکے ہیں، جس پر ای سی سی نے فوری طور پر 19 ارب روپے جاری کرنے کی منظوری دے دی تاکہ مستحق افراد کو بروقت مالی امداد فراہم کی جاسکے، جبکہ اضافی فنڈز ضرورت کے مطابق جاری کیے جائیں گے۔
ای سی سی نے پیکج کے انتظامی اخراجات کے لیے اصولی طور پر ایک ارب روپے کی منظوری بھی دی، تاہم وزارت خزانہ کو ہدایت کی گئی کہ اخراجات کی مکمل تفصیلات فراہم کی جائیں تاکہ فنڈز کا استعمال مالی قواعد و ضوابط کے مطابق یقینی بنایا جا سکے۔
کمیٹی نے اس امر پر زور دیا کہ رمضان ریلیف پیکج کے تحت امدادی رقم مستحق خاندانوں کو نیشنل سوشیو اکنامک رجسٹری (NSER) کے ڈیٹا کی بنیاد پر فراہم کی جائے گی تاکہ شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا جا سکے۔ امدادی رقم مستحق افراد کو براہ راست بینکنگ اور ڈیجیٹل ذرائع سے منتقل کی جائے گی۔
ای سی سی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت رمضان المبارک کے دوران مستحق طبقے کو بروقت اور باعزت مالی معاونت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے، جبکہ فنڈز کے شفاف اور ذمہ دارانہ استعمال کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔