نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے فلسطین سے متعلق اعلیٰ سطح اجلاس کے موقع پر برطانیہ کی وزیر خارجہ یوویٹ کوپر سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران نائب وزیراعظم نے اہم اجلاس بلانے پر برطانوی وزیر خارجہ کی کاوشوں کو سراہا۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلقات کا جائزہ لیا اور اعلیٰ سطح روابط کو مزید فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔
اس موقع پر دونوں ممالک نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے، عوامی سطح پر روابط کو مضبوط بنانے اور مشترکہ مفادات کے شعبوں میں شراکت داری کو وسعت دینے پر اتفاق کیا۔
ملاقات میں علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور دونوں رہنماؤں نے مکالمے، کثیرالجہتی تعاون اور اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم پر مؤثر اشتراک جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
یہ ملاقات اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے فلسطین سے متعلق اجلاس کے موقع پر نیویارک میں ہوئی۔