وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے ڈیل مسترد کرنے سے متعلق اپنے حالیہ بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا اشارہ 24 نومبر کے احتجاج کے دوران پیدا ہونے والی صورتحال کی طرف تھا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی احتجاج کے دوران اپنے مؤقف پر سختی سے قائم تھے اور کسی قسم کی لچک دکھانے کو تیار نہیں تھے اسی تناظر میں انہوں نے ڈیل مسترد کرنے کی بات کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ راجہ ناصر عباس اور محمود خان اچکزئی کو مذاکرات کے اختیارات دینے کی بات بے معنی ہے کیونکہ ان دونوں کو باضابطہ طور پر کوئی اختیار نہیں دیا گیا تھا۔
رانا ثناء اللہ کے مطابق محمود خان اچکزئی کو وزیراعظم سے ملاقات کی پیشکش کی گئی تھی تاہم انہوں نے یہ پیشکش قبول نہیں کی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت پہلے ہی استحکامِ پاکستان کے لیے میثاق کی پیشکش کر چکی ہے اور سیاسی معاملات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی خواہاں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کا مؤقف واضح ہے اور قومی استحکام کے لیے سنجیدہ کوششیں جاری رہیں گی۔