بھارت کے شہر فریدآباد میں ایک حیران کن واقعہ پیش آیا جب ایک کباڑی کو خریدے گئے سامان میں چھپے لاکھوں روپے مالیت کے سونے کے زیورات ملے، لیکن اس نے لالچ کے بجائے انہیں چار ماہ بعد اصل مالک کو واپس کر دیا۔
ذرائع کے مطابق اشوک شرما کے خاندان نے جنوری میں کمبھ میلے سے پہلے اپنے زیورات کو ایک بوری میں محفوظ کیا تھا، تاکہ چوری کا خطرہ نہ رہے۔ دیوالی کی صفائی کے دوران وہی بوری غلطی سے غیر ضروری سامان سمجھ کر کباڑی حاجی اختر خان کو فروخت کر دی گئی۔
تقریباً چار ماہ بعد حاجی اختر خان جب سامان الگ کر رہے تھے تو ایک پیکٹ ملا جس میں تقریباً 100 گرام سونے کے زیورات تھے۔ انہوں نے فوراً پولیس سے رابطہ کیا اور زیورات کو باقاعدہ طور پر اشوک شرما کے حوالے کیا۔
حاجی اختر خان نے کہا زیورات ملنے کے بعد میں نے فیصلہ کیا کہ انہیں اصل مالک کو واپس کرنا میری ذمہ داری ہے۔ اصل دولت سونا نہیں بلکہ صاف نیت اور مطمئن دل ہے۔
اے سی پی جتییش ملہوترا نے بھی حاجی اختر خان کی ایمانداری کی تعریف کی، اور واقعہ سچائی اور انسانی ضمیر کی اہمیت کی مثال کے طور پر سامنے آیا۔
یہ واقعہ آج کے دور میں ایمانداری اور اخلاقی اقدار کی ایک روشن مثال کے طور پر سوشل میڈیا اور خبروں میں موضوع بحث بنا ہوا ہے۔