سابق نیوکلیئر انجینیئر لیلیٰ ابراہیم حسن فٹ پاتھ پر زندگی گزارنے پر مجبور

image

مصر میں سابق نیوکلیئر انجینیئر لیلیٰ ابراہیم حسن کو مالک مکان کے سخت اقدام کے بعد اپارٹمنٹ سے بے دخل کر کے فٹ پاتھ پر رہنے پر مجبور کر دیا جس نے ملک بھر میں شدید عوامی ردعمل اور سوشل میڈیا پر ہیش ٹیگز کے ساتھ بحث و مباحثہ پیدا کر دیا ہے۔

66 سالہ لیلیٰ ابراہیم حسن مصر کے شہر انشاس میں ایٹمی توانائی کمیشن میں خدمات انجام دینے کے بعد ریٹائر ہو چکی ہیں اور محدود پینشن پر گزارا کرتی ہیں۔ آٹھ سال قبل انہوں نے جیزہ کے علاقے تحرمس میں ایک اپارٹمنٹ کرایہ پر لیا جس کا ماہانہ کرایہ ابتدائی طور پر 1,200 مصری پاؤنڈ تھا مگر وقت کے ساتھ بڑھ کر 3,000 پاؤنڈ تک پہنچ گیا جو ان کی پینشن کے برابر تھا۔

تقریباً سات ماہ قبل تنازع پیدا ہوا جب مالک مکان نے کرایے میں اضافے یا اپارٹمنٹ چھوڑنے کا مطالبہ کیا۔ لیلیٰ کے پاس کوئی دوسرا ٹھکانا نہ ہونے کے باعث انہوں نے انکار کر دیا۔ اس کے جواب میں مالک مکان نے گارڈ کے ذریعے اپارٹمنٹ میں داخل ہو کر تالے بدل دیے جس سے لیلیٰ اپنا گھر کھو بیٹھیں۔

مصری میڈیا نے ان کی کہانی اور تصاویر بڑے پیمانے پر شائع کیں اور سوشل میڈیا صارفین نے وزارتِ سماجی یکجہتی سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔ سماجی کارکنوں نے اس واقعے کو معاشرتی غفلت کی مثال قرار دیا اور خبردار کیا کہ معمر اور کمزور افراد ایسے حالات کا شکار ہو سکتے ہیں۔

سرکاری اور عوامی حلقوں نے وزارتِ سماجی یکجہتی سے مطالبہ کیا ہے کہ لیلیٰ کو فوری طور پر مناسب رہائش فراہم کی جائے، اپارٹمنٹ کے قانونی حقوق کی بحالی یا معاوضے کے ذریعے ان کی عزت اور نفسیاتی استحکام یقینی بنایا جائے اور مستقبل میں ایسے واقعات کو روکنے کے لیے ریٹائر اور کم آمدنی والے افراد کے لیے مالی معاونت کے پروگرام مرتب کیے جائیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US