اسرائیل میں امریکا کے سفیر مائیک ہکابی نے کہا ہے کہ اگر اسرائیل مشرقِ وسطیٰ کے وسیع علاقوں پر کنٹرول حاصل کر لے تو انہیں اس پر کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔
ایک انٹرویو کے دوران مائیک ہکابی نے کہا کہ خدا نے یہ زمین اسرائیلیوں کو دی ہے اور پورے خطے پر قبضہ کرنا ان کا حق ہے۔ ان کے مطابق اگر اسرائیل دریائے نیل سے نہر فرات تک کے علاقوں پر کنٹرول حاصل کر لے تو یہ درست ہوگا۔
یاد رہے کہ دریائے نیل سے دریائے فرات تک کا تصور بنیادی طور پر ایک جغرافیائی اصطلاح ہے جسے شدت پسند نظریۂ گریٹر اسرائیل سے جوڑا جاتا ہے۔ اس تصوراتی نقشے میں لبنان سے لے کر سعودی عرب کے صحراؤں اور بحیرہ روم سے عراق کے دریائے فرات تک کے علاقے شامل کیے جاتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق مائیک ہکابی کو گزشتہ سال امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیل میں امریکا کا سفیر مقرر کیا تھا۔