وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کی جانب میلی آنکھ اٹھانے والوں کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے افغانستان میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو پاک فضائیہ کی جانب سے نشانہ بنائے جانے کے حوالے سے سخت مؤقف اختیار کیا۔
انہوں نے بنوں میں حالیہ دہشتگرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے بتایا کہ اس حملے میں پاک فوج کے لیفٹیننٹ کرنل گلفراز اور سپاہی کرامت شہید ہوئے۔ حکام کے مطابق بنوں حملے کے روابط بھی دیگر واقعات کی طرح افغانستان میں موجود عناصر سے ملتے ہیں۔
وزارت اطلاعات و نشریات کے مطابق پاکستان میں ہونے والے حالیہ خودکش حملوں میں افغانستان میں موجود دہشتگرد قیادت اور ان کے سہولت کار ملوث ہیں۔ وزارت کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں نے حالیہ دنوں میں اسلام آباد کی امام بارگاہ، باجوڑ اور بنوں میں کارروائیاں کیں۔
وفاقی وزیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک کے دفاع اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا اور دہشتگردی کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔