پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ دہشتگردوں کے خلاف ان کی موجودگی کے مقام سے قطع نظر بلاتفریق اور بلارعایت کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق افغان طالبان حکومت افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشتگردی کے لیے استعمال ہونے سے روکنے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ پاکستان دہشتگرد عناصر کے خلاف فیصلہ کن اقدامات جاری رکھے گا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز بنوں میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر ہونے والے حملے کے تانے بانے افغانستان میں موجود گل بہادر گروپ سے ملے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بنوں شہر کو بڑے سانحے سے بچا لیا اور دہشتگردوں کے ناپاک عزائم ناکام بنا دیے۔
بیان میں کہا گیا کہ آپریشن کے دوران فورسز نے دہشتگردوں کا سراغ لگایا اور بارود سے بھری گاڑی میں سوار خودکش حملہ آور کو اگلے دستے نے بروقت روک لیا۔ تاہم دہشتگردوں نے مایوسی میں بارودی مواد سے بھری گاڑی فورسز کی ایک گاڑی سے ٹکرا دی۔
اس حملے کے نتیجے میں پاک فوج کے لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گلفراز اور سپاہی کرامت شاہ شہید ہوگئے، جبکہ سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 5 دہشتگرد ہلاک کر دیے گئے۔
آئی ایس پی آر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گی۔