نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے پاکستانی شہریوں کی فیملی ٹری میں ہزاروں افغان باشندوں کی جعلی انٹریوں کا انکشاف کرتے ہوئے ان کے خلاف کارروائی شروع کردی ہے۔
ذرائع کے مطابق نادرا نے ابتدائی طور پر راولپنڈی کے 833 افراد کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا ہے۔ حکام کے سامنے پیش نہ ہونے والے افراد کی پاکستانی شہریت ختم کردی جائے گی۔
نادرا کی جانب سے مشتبہ افراد کو اخبارات میں اشتہارات کے ذریعے، فون کالز اور پیغامات بھی بھیجے گئے ہیں۔ انہیں 7 روز کے اندر متعلقہ حکام کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ان افراد پر الزام ہے کہ انہوں نے جعلسازی کے ذریعے پاکستانی شہریوں کی فیملی ٹری میں شامل ہونے کی کوشش کی، اور نادرا کے نوٹسز کے تحت تمام مشتبہ افراد سے مؤقف لیا جائے گا۔