پنجاب میں پہلی بار مفت میت منتقلی سروس کے آغاز کا فیصلہ کر لیا گیا۔ یہ اہم فیصلہ وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔
اجلاس میں میت کو اسپتال سے گھر منتقل کرنے کے لیے مفت ایمبولینس سروس فراہم کرنے کی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ پنجاب کے بڑے سرکاری اسپتالوں اور ہر تحصیل کی سطح پر سرکاری وہیکل سروس شروع کرنے کے لیے جامع پلان تیار کیا جائے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب کی ہر تحصیل میں اسپتال سے گھر میت لے جانے کے لیے کم از کم ایک وین دستیاب ہوگی تاکہ شہریوں کو مشکل وقت میں سہولت فراہم کی جا سکے۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ میت کو ایک شہر سے دوسرے شہر منتقل کرنے کی سہولت بھی بلا معاوضہ فراہم کی جائے گی۔
علاوہ ازیں اجلاس میں پرائیویٹ ایمبولینس سروس کو ریگولرائز کرنے اور ان کے کرایوں کا تعین کرنے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا تاکہ عوام کو منصفانہ اور معیاری سہولت میسر آ سکے۔