پاکستان کی جانب سے حالیہ سرحد پار کارروائیوں کے بعد پاک افغان کشیدگی میں اضافے کے ساتھ افغان سوشل میڈیا پر اسلام آباد کے حساس مقامات کو نشانہ بنانے کی دھمکیاں بھی سامنے آئی ہیں۔ جن میں فیصل مسجد اور سینٹورس مال جیسے اہم مقامات کا ذکر کیا گیا ہے، جس کے بعد قومی سیکیورٹی اداروں نے ملک بھر میں ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ممکنہ خطرات کے پیش نظر عوامی مقامات، بشمول نادرا دفاتر، ریلوے اسٹیشنز، بس اڈوں اور رمضان و چاند رات بازاروں کی سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے۔ اداروں کا کہنا ہے کہ دہشت گرد عناصر ان مقامات کو سافٹ ٹارگٹ کے طور پر استعمال کرنے کی کوشش کرسکتے ہیں۔
ادھر اقوام متحدہ کی حالیہ رپورٹ میں افغانستان میں 6 سے 10 ہزار دہشت گردوں کی موجودگی کا انکشاف کیا گیا ہے، جبکہ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ طالبان انتظامیہ ان عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کرنے میں ناکام رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان اپنی دفاعی حکمت عملی کے تحت کسی بھی ممکنہ خطرے کا بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہے، اور دہشت گردوں کے ٹھکانوں کے خاتمے کے لیے مزید اقدامات زیر غور ہیں۔
سیکیورٹی حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔