بنگلادیش میں نئی حکومت کے بعد فوج میں اعلیٰ سطح پر تقرریاں

image

بنگلادیش میں عام انتخابات کے بعد وزیراعظم طارق رحمان کے وزارتِ عظمیٰ کا چارج سنبھالتے ہی فوج میں اعلیٰ سطح پر اہم تبدیلیاں کر دی گئی ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق آرمی ہیڈکوارٹر کی جانب سے جاری مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ بھارت میں تعینات دفاعی مشیر بریگیڈیئر جنرل محمد حفیظ الرحمان کو ترقی دے کر میجر جنرل بنا دیا گیا ہے اور انہیں 55 انفنٹری ڈویژن کا جنرل آفیسر کمانڈنگ مقرر کرتے ہوئے فوری طور پر وطن واپس بلا لیا گیا ہے۔

اسی طرح لیفٹیننٹ جنرل محمد معین الرحمان کو چیف آف جنرل اسٹاف تعینات کیا گیا ہے۔ میجر جنرل قیصر رشید چوہدری کو ڈائریکٹر جنرل آف فورسز انٹیلی جنس جبکہ میجر جنرل محمد جہانگیر عالم کو وزارتِ خارجہ میں سفیر مقرر کیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل میر مشفیق الرحمان کو آرمڈ فورسز ڈویژن میں پرنسپل اسٹاف آفیسر تعینات کیا گیا ہے جبکہ سابق پی ایس او لیفٹیننٹ جنرل ایس ایم قمر الحسن کی خدمات وزارت خارجہ کے سپرد کر دی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ 12 فروری کو ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں بنگلا دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) نے 209 نشستیں جیت کر واضح اکثریت حاصل کی تھی، جبکہ بنگلا دیش جماعت اسلامی نے 77 نشستیں حاصل کیں۔ بی این پی کے سربراہ طارق رحمان وزیراعظم منتخب ہو چکے ہیں جبکہ جماعت اسلامی کے امیر کو اپوزیشن لیڈر مقرر کیا گیا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US