بھارتی فضائیہ نے مقامی ساختہ تیجس لڑاکا طیاروں کے پے در پے حادثات کے بعد تمام تیجس طیاروں کو گراؤنڈ کردیا۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ بھارتی فضائیہ نے 35 تیجس لڑاکا طیاروں کے پورے بیڑے کو عارضی طور پر گراؤنڈ کر دیا ہے اور ان کی تکنیکی جانچ جاری ہے۔
7 فروری کے ہونے والے حادثے کی حتمی وجہ تاحال سامنے نہیں آسکی جس کے باعث بھارتی فضائیہ نے تمام طیاروں کی مکمل جانچ کا حکم دیا ہے۔ ان معائنوں میں لینڈنگ گیئر کی دھاتوں کا تجزیہ، الیکٹرو میگنیٹک بریکنگ سسٹم اور آن بورڈ سافٹ ویئر کی جانچ شامل ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 2016 میں تیجس طیارے کی بھارتی فضائیہ میں شمولیت کے بعد اس طیارے کا تیسرا بڑا حادثہ ہے۔
پہلا حادثہ مارچ 2024 میں جیسلمیر کے قریب فائر پاور مظاہرے سے واپسی کے دوران پیش آیا تھا، دوسرا واقعہ نومبر 2025 میں دبئی ایئر شو کے دوران فضائی کرتب دکھاتے ہوئے پیش آیا تھا۔
دوسری جانب بھارتی طیارہ ساز کمپنی ہندوستان ایروناٹکس لمیٹڈ نے 7 فروری کے واقعے کو حادثہ کے بجائے معمولی تکنیکی خرابی بتایا ہے۔ کمپنی کے مطابق ایس او پیز کے تحت معاملے کا تفصیلی تجزیہ کیا جا رہا ہے اور مسئلے کے حل کے لیے کمپنی بھارتی فضائیہ کے ساتھ رابطے میں ہے۔
ایچ اے ایل کا کہنا ہے کہ تیجس عالمی سطح پر ہم عصر لڑاکا طیاروں کے مقابلے میں بہترین حفاظتی ریکارڈ رکھنے والے طیاروں میں شمار ہوتا ہے۔