برازیل کی سوشل میڈیا انفلوئنسر کاسمیٹک سرجری کروانے کے 18 دن بعد چل بسیں

image

برازیل کی سوشل میڈیا انفلوئنسر بیانکا ڈیاس 27 برس کی عمر میں کاسمیٹک سرجری کروانے کے بعد پیدا ہونے والی پیچیدگیوں کے باعث چل بسیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق انہیں پھیپھڑوں میں خون کا لوتھڑا بننے کی شکایت ہوئی جو جان لیوا ثابت ہوئی۔

رپورٹ کے مطابق حالیہ سرجری کے بعد بیانکا ڈیاس ساؤ پاؤلو کے قریب اپنے اہلخانہ کے گھر میں صحتیاب ہو رہی تھیں کہ اچانک انہیں سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ بعد ازاں معلوم ہوا کہ انہیں پلمونری ایمبولزم (پھیپھڑوں میں خون کا لوتھڑا) ہوا ہے۔

انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا تاہم ڈاکٹرز ان کی جان نہ بچا سکے۔

بیانکا کی قریبی دوست نے انسٹاگرام پر خبر کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بیانکا نے سرجری کروائی تھی اور صحتیابی کے دوران انہیں دو مرتبہ دورے بھی پڑے تھے جبکہ پھیپھڑوں میں خون کا لوتھڑا بن گیا تھا۔ دوست کے مطابق اسپتال پہنچنے تک بیانکا کی حالت انتہائی خراب ہو چکی تھی۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ سرجری کی نوعیت کے بارے میں باضابطہ طور پر کوئی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں، تاہم وہ آپریشن کے محض 18 دن بعد جان کی بازی ہار گئیں۔

بیانکا ڈیاس کے سوشل میڈیا پر تقریباً 60 ہزار فالوورز تھے اور وہ اکثر ماڈلنگ سے متعلق مواد شیئر کرتی تھیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق انہوں نے آخری پوسٹ گزشتہ برس دسمبر میں کی تھی جس میں ساؤ پاؤلو میں گاڑی کے اندر لی گئی ایک سیلفی شیئر کی گئی تھی۔

واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے مقامی حکام نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US