وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان میں دہشتگردی کے واقعات میں افغانستان ملوث ہے اور پاکستان اب مزید ایسے واقعات برداشت نہیں کرے گا بلکہ بھرپور کارروائی کرے گا۔
سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان اب صرف جنازے نہیں اٹھائے گا بلکہ دہشتگردوں کے خلاف فیصلہ کن اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ معصوم شہریوں کے خون کے ہر قطرے کا حساب لیا جائے گا۔
طارق فضل چوہدری نے کہا کہ افغانستان میں کی جانے والی کارروائیاں انٹیلی جنس بنیادوں پر کی گئیں، جن میں فتنہ الخوارج کے تربیتی مراکز کو نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کارروائیوں میں سویلینز کو نشانہ نہیں بنایا گیا۔
وفاقی وزیر کے مطابق افغانستان کے تین صوبوں میں ہونے والے فضائی حملوں میں سو سے زائد فتنہ الخوارج کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اپنی سرزمین کے دفاع اور دہشتگردی کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدام جاری رکھے گا۔