کراچی کے علاقے ڈیفنس خیابانِ اتحاد میں مبینہ طور پر نشے میں دھت کار سوار نوجوان کی تیز رفتار گاڑی نے فوڈ ڈیلیوری بوائے کو ٹکر مار کر ہلاک کر دیا۔ حادثہ گزشتہ رات تقریباً ایک بج کر چھپن منٹ پر پیش آیا۔
عینی شاہدین کے مطابق گاڑی تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہو کر پہلے فٹ پاتھ سے ٹکرائی اور پھر سڑک پر قلابازیاں کھانے لگی۔ اسی دوران سڑک پر موجود موٹرسائیکل سوار فوڈ ڈیلیوری بوائے گاڑی کی زد میں آ گیا اور شدید چوٹوں کے باعث موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
پولیس کے مطابق حادثے کے فوراً بعد کار میں سوار نوجوانوں کو حراست میں لے لیا گیا۔ ابتدائی اطلاعات میں کہا گیا کہ مرکزی ملزم کو کئی گھنٹوں تک باضابطہ طور پر ظاہر نہیں کیا گیا، تاہم بعد ازاں ساحل تھانے کی پولیس نے اصغر علی بنگوار نامی شخص کو پروٹوکول کے ساتھ تھانے منتقل کرنے کی تصدیق کی۔
واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف دعوے گردش کرنے لگے جن میں کہا گیا کہ حادثے میں ملوث نوجوان معروف اسسٹنٹ کمشنر حاذم بنگوار کا بھتیجا ہے۔
تاہم حاذم بنگوار نے ایک ویڈیو پیغام میں ان دعوؤں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ ان کا کوئی بھتیجا نہیں اور جس نوجوان کے ساتھ ان کا نام جوڑا جا رہا ہے اس سے ان کا کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ ان کا ایک بھائی اور ایک بہن ہیں اور دونوں غیر شادی شدہ ہیں ممکنہ طور پر نام کی مماثلت کی بنیاد پر غلط فہمی پیدا ہوئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور شواہد کی روشنی میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔