بنوں میں دہشتگردوں کے حملے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز اور سپاہی کرامت کو فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کر دیا گیا۔
لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز کی نماز جنازہ میجر واصف شہید اسٹیڈیم میں ادا کی گئی، جس میں عسکری حکام، وفاقی وزیر سمیت سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ نماز جنازہ کے موقع پر جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے اور شہید کے بچوں کے آنسوؤں نے ہر آنکھ کو اشکبار کر دیا۔
دوسری جانب شہید سپاہی کرامت کو بھی ان کے آبائی علاقے میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا گیا جہاں اہلخانہ، عزیز و اقارب اور مقامی شہری بڑی تعداد میں موجود تھے۔
اس موقع پر شہریوں نے پاک دھرتی سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ وطن کی حفاظت کے لیے جانوں کا نذرانہ دینے والے قوم کے حقیقی ہیرو ہیں۔