وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے آج صبح قطر کے وزیر مملکت برائے خارجہ تجارت ڈاکٹر احمد بن محمد السید سے ملاقات کی۔ ڈاکٹر احمد پاکستان-قطر جوائنٹ بزنس ٹاسک فورس کے چیئرمین بھی ہیں۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی تعاون کا جائزہ لیا اور پاکستان-قطر تعلقات میں تیز رفتار ترقی پر اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے دوطرفہ تجارتی حجم میں اضافے اور پاکستان کی برآمدات، خاص طور پر زرعی مصنوعات، کھانے پینے کی اشیاء اور ویلیو ایڈڈ مصنوعات کو متنوع بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔
فریقین نے پاکستان-قطر مشترکہ وزارتی کمیشن کے چھٹے اجلاس کے فیصلوں پر عمل درآمد اور اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے سرمایہ کاری دوست اصلاحات اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو آسان بنانے میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) کے کردار پر بھی روشنی ڈالی۔
ڈاکٹر احمد بن محمد السید نے نجی شعبے اور کاروباری روابط کو مضبوط بنانے میں قطر کی دلچسپی کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے رمضان کے دوران متعلقہ حکام پر مشتمل ٹاسک فورس کا اجلاس بلانے پر بھی اتفاق کیا تاکہ پاکستان میں قطری سرمایہ کاری کے لیے ٹھوس تجاویز پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔