سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) نے کہا ہے کہ شہر میں سحری اور افطاری کے اوقات میں گیس پریشر میں کمی کی وجہ گھروں میں لگے کمپریسر ہیں۔
کمپنی کے ترجمان کے مطابق کمپریسر کے استعمال سے گیس کا کم پریشر یا سپلائی میں عارضی رکاوٹ پیدا ہوتی ہے لیکن شہر بھر میں گیس کی مجموعی صورتحال مستحکم ہے۔ ایس ایس جی سی نے واضح کیا کہ گھریلو استعمال کے زیادہ ہونے کی وجہ سے خصوصاً سردیوں اور رمضان میں گیس کی فراہمی کے مسائل سامنے آ سکتے ہیں۔
ترجمان نے رہائشیوں کو ہدایت دی کہ اگر گیس کی فراہمی میں مسائل کا سامنا ہو تو ہیلپ لائن 1199 پر رابطہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی ہدایات کے مطابق سوئی سدرن صبح 3 بجے سے رات 10:30 بجے تک گیس کی فراہمی کے لیے تمام تر کوششیں کر رہا ہے۔
کراچی میں گیس کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے 24/7 کنٹرول رومز قائم کیے گئے ہیں اور منیجنگ ڈائریکٹر سمیت سینئر انتظامیہ آپریشنز کی نگرانی کر رہی ہے۔
ایس ایس جی سی نے رمضان المبارک کے دوران کراچی میں گیس کی بندش کی خبروں کی بھی سختی سے تردید کی اور کہا کہ گیس کی فراہمی مسلسل جاری ہے۔