وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایات پر حج آپریشنز کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنانے کی جانب اہم پیش رفت ہوئی ہے، جس کے تحت وزارتِ مذہبی امور اور وزارتِ آئی ٹی کے درمیان حج ڈیجیٹلائزیشن کے لیے مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کر دیے گئے۔
ایم او یو پر جوائنٹ سیکریٹری حج محمد بخش سانگی اور نیشنل آئی ٹی بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر خالد رفیق نے دستخط کیے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ، سیکریٹری مذہبی امور ڈاکٹر ساجد محمود چوہان اور سیکریٹری آئی ٹی ضرار ہاشم خان سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے۔
وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق حج کے پورے عمل کو مزید شفاف اور آسان بنایا جا رہا ہے، جبکہ ڈیجیٹل نظام سے غیر ضروری تاخیر اور انسانی غلطیوں کا خاتمہ ممکن ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام بین الاقوامی معیار کے اہداف کے حصول میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔
وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ نے بتایا کہ آئندہ سال حج درخواست سے لے کر وطن واپسی تک مکمل اینڈ ٹو اینڈ ڈیجیٹل نظام متعارف کرایا جائے گا۔ اس کے تحت درخواست گزاروں کے لیے ایک آسان اور جامع آن لائن حج پورٹل قائم کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایم او یو کے تحت پاک حج موبائل ایپ کو مزید بہتر بنایا جائے گا جبکہ نئے پورٹل کے ذریعے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ اور سعودی عرب کی مقررہ ٹائم لائنز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔