سینیٹ کی قائمہ کمیٹی نے NAVTTC سے کارکردگی کا ریکارڈ طلب کرلیا

image

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کی ذیلی کمیٹی نے سینیٹ آف پاکستان کے اجلاس میں نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (NAVTTC) سے مالیاتی نظم و نسق، ادارہ جاتی شراکت داریوں اور گزشتہ پانچ برس کی کارکردگی کا جامع ریکارڈ طلب کرلیا۔

اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں سینیٹر کامران مرتضیٰ کی زیر صدارت ہوا، جبکہ ایجنڈا سینیٹر رانا محمود الحسن نے ترتیب دیا۔ اجلاس میں NAVTTC کے گورننس ڈھانچے، فنڈنگ طریقہ کار، شراکت دار اداروں کے انتخاب اور تربیت کے بعد روزگار کے نتائج کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ NAVTTC وزارتِ وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کے تحت تکنیکی و پیشہ ورانہ تربیت کی پالیسی سازی اور نگرانی کا مرکزی ادارہ ہے جبکہ تربیتی پروگرامز کی نگرانی آزاد اداروں کے ذریعے کی جاتی ہے اور فنڈز کارکردگی کی بنیاد پر جاری ہوتے ہیں۔

کمیٹی کو آگاہ کیا گیا کہ ”اسکلز فار آل“ اور وزیر اعظم یوتھ اسکل پروگرام کے تحت تربیت حاصل کرنے والوں میں سے 53 فیصد افراد روزگار حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے جبکہ 47 فیصد تاحال بے روزگار ہیں۔ روزگار حاصل کرنے والوں میں 38 فیصد کی آمدن 50 ہزار روپے ماہانہ سے زائد بتائی گئی۔

اجلاس کے دوران سینیٹر سرمد علی نے لاہور میں ہواوے کے تعاون سے جاری تربیتی منصوبے میں علاقائی عدم توازن پر تحفظات کا اظہار کیا اور صوبائی مساوی نمائندگی یقینی بنانے پر زور دیا۔ حکام نے بتایا کہ مستقبل میں کراچی سمیت دیگر شہروں میں بھی پروگرام شروع کیے جائیں گے۔

ذیلی کمیٹی نے ہدایت کی کہ NAVTTC اور متعلقہ وزارت آئندہ اجلاس سے قبل فنڈنگ کی تفصیلات، شراکت دار اداروں کی فہرست، اشتہارات اور تھرڈ پارٹی جائزہ رپورٹس جمع کرائیں۔ کمیٹی نے کراچی، کوئٹہ، اسکردو اور کشمیر میں فیلڈ وزٹس کی تجویز کا بھی خیرمقدم کیا۔

اجلاس مطلوبہ دستاویزات کی فراہمی کی ہدایت کے ساتھ ملتوی کردیا گیا جبکہ چیئرمین کمیٹی نے تربیتی پروگرامز میں شفافیت، مالیاتی ذمہ داری اور قابلِ پیمائش نتائج کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US