پاسپورٹ اجرا میں اہم اصلاحات، شادی شدہ خواتین کو والد کا نام برقرار رکھنے کی اجازت

image

حکومتِ پاکستان نے خواتین کی آزاد قانونی شناخت کو تسلیم کرتے ہوئے پاسپورٹ کے اجرا کے نظام میں اہم اصلاحات متعارف کرا دی ہیں جن کے تحت اب شادی شدہ خواتین اپنی مرضی سے اپنے والد کا نام پاسپورٹ پر درج کرا سکیں گی۔

ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کے اعلان کے مطابق یہ اقدام خواتین کے قانونی اور شہری حقوق کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے، جس سے انہیں سرکاری دستاویزات میں اپنی شناخت برقرار رکھنے کا اختیار حاصل ہوگا۔

یہ اصلاحات لاہور ہائی کورٹ کے معزز جج جسٹس عاصم حفیظ کے فیصلے کی روشنی میں کی گئی ہیں۔ یعدالت نے اپنے حکم میں قرار دیا تھا کہ خواتین کو اختیار دیا جائے کہ وہ اپنے قومی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ پر والد کا نام برقرار رکھ سکیں۔

عدالتی احکامات پر عمل درآمد کے لیے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نے متعلقہ اداروں سے مشاورت کا عمل شروع کیا۔ فیصلے کے بعد جمشید ایم قاضی، کنٹری ریپریزنٹیٹو یو این ویمن پاکستان اپنی ٹیم کے ہمراہ ڈی جی آئی پی سے ملاقات کے لیے پہنچے اور اصلاحات کے نفاذ میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

حکام کا کہنا ہے کہ قانونی شناخت اور سرکاری دستاویزات تک رسائی خواتین کی معاشی، سماجی اور شہری زندگی میں مؤثر اور مکمل شرکت کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہے، اور یہ اقدام خواتین کے حقوق کے تحفظ کی جانب ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US